آئی پی ایل سٹہ بازی کا گڑھ، دو ٹیموں پر پابندی

مظہر اقبال 15 / 07 / 2015

بھارت سٹہ بازی کا گڑھ ہے یہ بات بھارتی سپریم کورٹ نے ثابت کر دی ۔ہندوستان کی سپریم کورٹ نے انڈین پریمیئیر لیگ (آئی پی ایل) کی 2 ٹیموں چنائی سپر کنگز اور راجھستان رائلز پر 2 سال کے لیے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔منگل کو ہندوستانی سپریم کورٹ کے قائم کردہ 3 رکنی تحقیقاتی کمیشن نے آئی پی ایل کرپشن کیس کا فیصلہ سنایا۔

مذکورہ کیس ہندوستان کی کرکٹ تاریخ کا ایک بڑا اسکینڈل ہے، جس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور راجھستان رائلز کے شریک چیئرمین راج کندرہ کی کرکٹ سرگرمیوں کو تاحیات معطل کردیا گیا ہے۔

چنائی سپر کنگز کی قیادت ہندوستانی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی کے ہاتھوں میں ہے جبکہ راجھستان رائلز کی کپتانی آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیون اسمتھ کررہے ہیں۔

جبکہ دونوں ٹیموں میں کیوی بلے باز برینڈن میکلم، آسٹریلوی شین واٹس اور جنوبی افریقہ کے فاف ڈیو پلیسی سمیت کئی بڑے انٹرنیشنل کھلاڑی موجود ہیں۔